حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علی گڑھ/ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بیت الصلوٰۃ میں شب 8 بجے، 2 جمادی الثانی کے موقع پر شہزادیٔ کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرتِ طیبہ اور فضائل و مناقب کے موضوع پر تیسری اور آخری مجلسِ عزا کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس مجلس کا اہتمام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اجمل خان طبیہ کالج کے شعبۂ جراحت کے چیئرمین ڈاکٹر پروفیسر تفسیر علی کی جانب سے کیا گیا تھا۔
مجلس کی خطابت شعبۂ دینیات (شیعہ)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے چیئرمین ڈاکٹر پروفیسر مولانا اصغر اعجاز قائمی نے فرمائی۔ انہوں نے اپنے مفصل اور پُرمغز خطاب میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے آپ کے علمی و روحانی مقام، اخلاق و کردار، عبادت و بندگی، صبر و استقامت اور دینِ اسلام کے تحفظ میں آپ کی عظیم خدمات کو بیان کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیرتِ فاطمی نہ صرف خواتین بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک کامل نمونۂ حیات ہے، جس سے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
مجلس کے دوران معروف مرثیہ خواں جناب عظیم حسین شمس آبادی نے پُرسوز انداز میں مرثیہ خوانی کی، جس سے فضا سوگوار اور حاضرین کی آنکھیں اشک بار ہو گئیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کے حوالے سے منعقدہ مجالس کے اس سلسلے کی یہ تیسری اور آخری مجلس تھی۔ اس سے قبل پہلی مجلس سے ڈاکٹر رضا عباس اور دوسری مجلس سے مولانا زاہد حسین نے خطاب کیا تھا، جب کہ اختتامی مجلس سے ڈاکٹر پروفیسر مولانا اصغر اعجاز قائمی نے خطاب فرمایا۔
مجلس میں عزادارانِ اہلِ بیتؑ اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اختتامِ مجلس پر تمام شرکائے مجلس کے لیے نذرِ مولا کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
یہ مجلس حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت و تعلیمات سے وابستگی، ذکرِ اہلِ بیتؑ کے فروغ اور ان کے پیغام کو عام کرنے کی ایک بابرکت اور قابلِ تحسین کاوش ثابت ہوئی۔










آپ کا تبصرہ